بنگلورو،31؍جنوری(ایس او نیوز) چنا سوامی اسٹیڈیم میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے T20 کرکٹ میچ کیلئے اسٹیڈیم کے اطراف واکناف اور شہر بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اسٹیڈیم کے ارد گرد تمام سڑکوں پر گاڑیوں کی پارکنگ ممنوع قرار دی گئی ہے۔ اسٹیڈیم میں سیکورٹی کیلئے ایک ہزار سے زائد پولیس جوانوں کو تعینات کیا جارہاہے، یہ بات آج شہر کے پولیس کمشنر پروین سود نے بتائی۔ انہوں نے بتایاکہ اسٹیڈیم کی سیکورٹی کیلئے ایک ڈی سی پی 17 اے سی پی مامور کئے گئے ۔اڈیشنل کمشنر آف پولیس مالنی کرشنا مورتی تمام حفاظتی انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گی۔ انہوں نے بتایاکہ پہلی بار اسٹیڈیم کے داخلی دروازوں کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ ان میں تبدیلی بھی لائی گئی ہے۔اسٹیڈیم میں داخلہ سے پہلے شائقین کو اس کی معلومات حاصل کرلینی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیڈیم کے اندر کوئی بھی تھیلی ، پانی کی بوتل اور دیگر ممنوعہ اشیاء لے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ میچ کے اختتام کے بعد لوگوں کو آنے جانے کی سہولت کیلئے میٹرو ٹرین اور بی ایم ٹی سی بسوں کے اوقات میں تبدیلی لائی گئی ہے۔